ایکسپورٹرز کو بیرون ملک سے سرمایہ پاکستان لانے کا پابند بنانے پر غور

image

کھانے پینے کی اشیاء کی برآمد کو مانیٹر کرنے کی تجویز، اشیاء باہر بھجوا کر مصنوعی قلت پیدا کی جاتی ہے، اسمگلنگ روکنے سے ایک سال کے دوران مہنگائی میں کمی ریکارڈ ہوئی۔ 

اسلام آباد: (اکانومی ڈیسک) تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے ایکسپورٹرز کو بیرون ملک سے ملنے والا سرمایہ پاکستان لانے کا پابند بنانے پر غور شروع کر دیا ہے۔ اسکے علاوہ پھل، گوشت، مرغی، چینی اور چاول کی برآمد پالیسی کو بھی سخت کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

اشیاء باہر بھجوا کر ملک میں مصنوعی قلت پیدا کی جاتی ہے۔ اشیاء کی قلت کے بعد مہنگائی کا طوفان بے قابو ہو جاتا ہے۔ اس لئے اب اگر برآمد کرنے سے وہ اشیاء مہنگی ہوئیں تو اس حوالے سے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق کھانے پینے کی اشیاء کی برآمد کو مانیٹر کرنے کی بھی تجویز دے دی گئی ہے۔ اسمگلنگ روکنے سے ایک سال میں مہنگائی میں کمی آئی جبکہ بارڈر پر مزید سختی کرنے کی تجویز بھی دی گئی۔ واضح رہے کہ تمام اقدامات کی منظوری وفاقی کابینہ سے لی جائے گی۔