چیمپئنز ون ڈے کپ کیلئے اسکواڈز کا اعلان

image

قومی ایونٹ چیمپئنز ون ڈے کپ 2024ء، شان مسعود اور بابر اعظم کپتانی سے محروم، شاہین شاہ، رضوان، حارث اور شاداب خان اپنی اپنی ٹیموں کے کپتان مقرر کر دیئے گئے۔

لاہور: (اسپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے کچھ دیر قبل ڈومیسٹک سیزن 2024-25ء چیمپئنز ون ڈے کپ کیلئے اسکواڈز اور کپتانوں کا اعلان کر دیا ہے۔ حیران کن طور پر شان مسعود اور بابر اعظم کو کسی ٹیم کی کپتانی نہیں سونپی گئی ہے۔ دونوں نیشل ٹیموں کے کپتانوں کی جگہ ڈومیسٹک کیلئے ٹیسٹ نائب کپتان سعود شکیل کو ڈولفنز کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

ڈومیسٹک میگا ایونٹ میں شاہین شاہ آفریدی لائنز کی قیادت کریں گے۔ پینتھرز کی بھاگ دوڑ شاداب خان جبکہ اسٹالینز کی قیادت محمد حارث کریں گے۔ پاکستانی اوپنر بیٹر اور وکٹ کیپر محمد رضوان وولوز کی قیادت کے فرائض کی ذمہ داریاں سر انجام دیں گے۔

سوشل میڈیا پر بابر اعظم اور شان مسعود کو ڈومیسٹک ٹیموں کی کپتانی نہ دینے پر کئی فینز نے بورڈ کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کئی ایک نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے فیصلے کو درست کہا ہے۔ دوسری جانب بازگشت سنائی دے رہی ہے کہ بابر اعظم اور شان مسعود نے چیمپئنز کپ ون ڈے کپ میں کپتانی کا عہدہ لینے سے خود انکار کردیا تھا۔