کھیلوں کی محکمہ جاتی ٹیمیں بحال نہ ہو سکیں

image

وزیراعظم کے احکامات نظر انداز، ہاکی اور کرکٹ کی ڈیپارٹمنٹل ٹیمیں تاحال بحال نہ ہو سکیں، وزیراعظم شہباز شریف نے اپریل 2022ء میں ڈیپارٹمنٹل ٹیمیں بحال کرنے کا اعلان کیا تھا۔

لاہور: (نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر عملدرآمد نہ ہو سکا۔ وزارت بین الصوباٸی رابطہ 2 سال گزر جانے کے بعد بھی ہاکی اور کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں میں ڈیپارٹمنٹل ٹیمیں بحال نہیں کرسکا۔ وزارت بین الصوبائی رابطہ عملی اقدامات کرنے میں ناکام رہی اور احکامات کوعملی جامہ پہنانے میں 2 سال ضائع کر دیے۔

وفاقی سیکریٹری وزارت بین الصوباٸی رابطہ نے کانفرنس کی صدارت کی تاہم وہ ہاکی اور کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں میں ٹیمیں بحال نہیں کر سکے۔ اگست 2022ء میں وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو مواقع دینے کے حوالے سے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے ڈیپارٹمنٹل اسپورٹس بحال کرنے کا اعلان کیا تھا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم نے یہ اقدام ملک میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کیلئے اٹھایا تھا۔ کھلاڑیوں نے وزیراعظم سے اپنی بیروزگاری اور مسائل کے پیش نظر ڈیپارٹمنٹل سپورٹس کی بحالی کا مطالبہ کیا تھا۔ یاد رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے دور حکومت میں ڈیپارٹمنٹل اسپورٹس پر پابندی عائد کر دی تھی۔