عراق سے اتحادی افواج کے انخلاء کا امکان

image

دونوں ملکوں کو حتمی منظوری اور اعلان کی تاریخ کا انتظار، اس منصوبے کا آغاز ستمبر 2025ء سے متوقع، انخلاء کے بارے میں واشنگٹن کے ساتھ تکنیکی بات چیت ختم ہو گئی ہے۔

بغداد: (ویب ڈیسک) عراق سے اتحادی افواج کے انخلاء سے متعلق عراق اور امریکہ منصوبے کی مفاہمت پر پہنچ گئے ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان انخلاء کی حتمی منظوری اور اعلان کی تاریخ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس منصوبے کا آغاز ستمبر 2025ء سے متوقع ہے۔ 

ایک سینیئر امریکی اہلکار کا کہنا ہے کہ ہم ایک معاہدے پر پہنچ چکے ہیں اور اب صرف یہ بات باقی ہے کہ اس کا اعلان کب کیا جائے؟ امریکی اہلکار کا کہنا تھا کہ اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ انخلاء کے بعد کچھ امریکی افواج عراق میں رہ سکیں۔ اس منصوبے کا اعلان چند ہفتے قبل ہو جانا تھا۔ 

امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کو غزہ کی صورتحال کے پیشِ نظر ملتوی کر دیا گیا تھا۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس معاہدے کا اعلان اسی ماہ کے دوران ہو جائے گا۔ عراقی وزیرِاعظم کے مشیر برائے خارجہ تعلقات نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس انخلاء کے بارے میں واشنگٹن کے ساتھ تکنیکی بات چیت مکمل ہو گئی ہے۔