پنجاب میں تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن: 80 سے زائد گرفتار

image

 پولیس کی پی ٹی آئی رہنماؤں و کارکنوں کے خلاف کارروائیاں تیز، تحریک انصاف کے 42 رہنماؤں کو نظر بند کرانے کے لیے محکمہ داخلہ کو مراسلہ بھجوا دیا گیا، پنجاب کے حالات تشویشناک۔

لاہور: (نیوز ڈیسک) پنجاب پولیس نے تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری کر دیا، اس دوران پولیس کی جانب سے 2 روز میں 80 سے زائد پی ٹی آئی ورکروں کو حراست میں لیا گیا ہے، مزید گرفتاریوں کے لئے پنجاب کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

پنجاب پولیس کی جانب سے تحریک انصاف کے کارکنوں کو گھروں، دکانوں اور ڈیروں پر چھاپے مار کر حراست میں لیا گیا ہے، پولیس نے شاہدرہ،کوٹ لکھپت، مناواں، کینٹ ،ہربنس پورہ سے ورکرز کو حراست میں لیا۔ حراست میں لیے جانے والوں میں خواتین بھی شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں پولیس نے تحریک انصاف کے 42 کارکنوں کی نظر بندی کے لئے محکمہ داخلہ کو مراسلہ بھجوادیا، جن میں میاں اسلم اقبال، میاں محمود الرشید کے بیٹے میاں حسن، مہر واجد، وقاص امجد اور ندیم بارا سمیت 42 افراد کے نام شامل ہیں، مراسلے میں کہا گیا ہے کہ فہرست میں شامل افراد افواج پاکستان کیخلاف انتشار پھیلا رہے ہیں، لہٰذا ان کے 90 یوم کے لیے نظر بندی کے احکامات جاری کیے جائیں۔