پاسپورٹ کے مسائل جلد حل کر لیں گے: ڈی جی پاسپورٹ مصطفیٰ جمال

image

پاسپورٹ بنوانے والوں کیلئے اچھی خبر، 1 ماہ میں مزید پرنٹرز پاکستان پہنچنے کی امید، آئندہ 2 سے 3 ماہ میں پاسپورٹ ڈیلیوری سے متعلق تمام مسائل حل ہوجائیں گے۔

کراچی: (نیوز ڈیسک) ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ مصطفیٰ جمال قاضی کا کہنا ہے کہ اسلام آباد، کراچی اور لاہور سمیت بڑے شہروں میں پاسپورٹس کا بیگ لاک ختم ہوگیا ہے۔ بیرون ملک سے آن لائن اپلائی کرنے والے پاسپورٹس کا بیگ لاک بھی بڑی حد تک نمٹا دیا گیا ہے۔ اوورسیز پاکستانیوں کو 24 ہزار سےزائد پاسپورٹس ڈیلیور کر دیے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بڑے شہروں میں پہلے انہیں پاسپورٹس دیے گئے ہیں جن کا بیرون ملک زیادہ آنا جانا ہے۔ روزانہ 65 ہزار پاسپورٹس پراسس ہوتے ہیں لیکن پرنٹنگ 23 ہزار کی ہو رہی ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ ایک ماہ میں نئے پرنٹرز کی شپمنٹ پاکستان پہنچ جائے تاکہ نئے پرنٹرز آنے سے پاسپورٹس اجراء کا عمل مکمل طور پر نارمل ہو جائے۔ 

واضح رہے کہ 2 روز قبل ڈی جی پاسپورٹ نے بتایا تھا کہ کہ اسلام آباد میں 14 ہزار 673 اور کراچی میں 83 ہزار 227 پاسپورٹس کا اجراء کیا گیا ہے۔ لاہور گارڈن ٹاؤن سے 30 ہزار 848 اور رائیونڈ سے 4 ہزار 872 کیسز نمٹائے گئے ہیں۔ لاہور ہی کے علاقے شادمان سے 11 ہزار 490، کوئٹہ میں 7 ہزار 252، راولپنڈی میں 18 ہزار اور پشاور میں 23 ہزار 145 کیسز نمٹائے گئے ہیں۔