بھارتی سپریم کورٹ کا یوٹیوب چینل ہیک

image

سپریم کورٹ ذرائع کی تصدیق، یوٹیوب چینل پر کرپٹو کرنسی سے متعلق ویڈیوز اپ لوڈ، بھارتی سپریم کورٹ کا آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ چینل ری اسٹور کرنے کیلئے کوششیں کر رہا ہے۔

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی سپریم کورٹ کے یوٹیوب چینل کو ہیک کرلیا گیا ہے۔ ہیکرز نے امریکہ میں قائم کمپنی ریپل لیبس کی کرپٹو کرنسی کو فروغ دینے والی ویڈیوز اپ لوڈ کر دی ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق عدالتِ عظمیٰ کی یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو چل رہی ہے جس پر کرپٹو کرنسی سے متعلق عبارت تحریر ہے۔

بھارتی سپریم کورٹ کے یوٹیوب چینل کے ذریعے مفاد عامہ سے متعلق مقدمات کی سماعت اور براہ راست سماعت کیلئے یوٹیوب کا استعمال کر رہی ہے۔ یوٹیوب چینل پر مقدمے کی سماعت براہ راست نشر کرنے کا فیصلہ 2018ء میں چیف جسٹس یو یو للت کی سربراہی میں حالیہ فل کورٹ میٹنگ نے متفقہ طور پر کیا تھا جس کے بعد سے اس یوٹیوب چینل کو فالو کرنے والوں کی تعداد لاکھوں میں ہوگئی اور ہر ویڈیوز کو ہزاروں کی تعداد میں ویوز ملتے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق معمول کے مطابق جب صارفین نے یوٹیوب چینل کا وزٹ کیا تو وہاں مقدمے کی سماعت کے بجائے کرپٹو کرنسی سے متعلق ویڈیو چل رہی تھیں۔ سپریم کورٹ کے ذرائع نے ویڈیو چینل ہیک ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اکاؤنٹ کی ریکوری پر کام کر رہے ہیں۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے بھی اپنا یوٹیوب چینل بنا رکھا ہے جس پر مقدمات کی لائیو ٹرانسمشن چلتی ہے۔