جنوبی پنجاب میں 12 سیکرٹریز تعینات، نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا

image

حکومت پنجاب کے محکمہ سروسز اینڈ ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کو احکامات جاری، مختلف شعبوں کے سیکرٹریز کی تعیناتی کا حکم دے دیا گیا۔ سیکرٹریز کو مکمل با اختیار بنا کر عوام کے مسائل ان کی دہلیز پہ حل کیے جائیں گے۔

  لاہور: پنجاب حکومت نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں 12 سیکرٹریز کی تعیناتی کے لیے محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کو نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دے دیا۔ پنجاب حکومت نے سیکرٹری سروسز، سیکرٹری وائلڈ لائف، سیکرٹری آبپاشی، سیکرٹری انرجی، سیکرٹری مواصلات اور سیکرٹری اسپورٹس تعینات کرنے کی منظوری دی ہے۔ تاہم توانائی، مواصلات اور کھیلوں کے لیے سیکرٹریوں کی تقرری کےمعاملات زیرِ عمل ہیں۔ ان محکموں کے سیکرٹریوں کو جلد ہی مقرر کر دیا جائے گا۔

پنجاب حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق محمد اجمل بھٹی سیکریٹری ہیلتھ جب کہ راناعبیداللہ انور کو سیکریٹری خزانہ جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ لگایا گیا ہے۔ شعیب اقبال سید سیکریٹری پی اینڈ ڈی، راجہ خرم شہزاد انورسیکریٹری لوکل گورنمنٹ، لیاقت علی سیکریٹری ہاؤسنگ، ثاقب علی سیکریٹری زراعت، آفتاب احمد پیرزادہ سیکریٹری لائیواسٹاک اور نوشین ملک کو سیکریٹری سروسز جنوبی پنجاب تعینات کیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واضح کیا ہے کہ مقررہ سیکرٹریوں کو اپنے فرائض کی انجام دہی کے لیے مکمل اختیار سونپا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے مزید بتایا کہ سکریٹریوں کی تقرری کا مقصد لوگوں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ تمام سیکریٹری لوگوں کی مشکلات ان کی دہلیز پر حل کریں گے۔

واضح رہے کہ دو ہفتے قبل وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے جنوبی پنجاب سیکریٹیریٹ کو فعال کرنے کے لیے انتظامی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ جنوبی پنجاب سیکریٹیریٹ میں سیکریٹریز کو جلد تعینات کر دیا جائے گا۔ محکموں کے سیکریٹریز مکمل با اختیار ہوں گے۔