پنجاب کے مختلف شہروں میں بارشیں: مزید کی پیشگوئی

image

 لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں میں بارش جم کر برسی، نالہ لئی میں تغیانی سے پانی کی سطح 12 فٹ تک بلند، محکمہ موسمیات کی مزید بارشوں کی پیشگوئی۔

لاہور: (نیوز ڈیسک) پنجاب کے مختلف شہروں میں بارشوں سے موسم ٹھنڈا ہو گیا، لاہور کےعلاقے گلبرگ، کینٹ، صدر، ماڈل ٹاون، فیروز پور روڈ میں موسلا دھار بارش سے گرمی کی شدت کم ہوگئی، محکمہ موسمیات نے پنجاب میں  گرج چمک کےساتھ مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی۔

لاہور، شمس آباد، راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں بارش نے جل تھل کر دیا، راولپنڈی میں نالہ لئی گوالمنڈی کے مقام پر گیارہ فٹ  پر بہہ رہا ہے، جڑواں شہروں میں مجموعی طور پر 83 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، سید پور میں 43، گولڑہ شریف میں 88 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب میں بارش کے بعد چھوٹے بڑے نالوں میں پانی کی سطح بلند ہو گئی، نالہ لئی میں کٹاریاں پر پانی کی سطح ساڑھے 8، گوالمنڈی میں 10 فٹ تک بلند ہے، محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی بھی کی ہے، 26 ستمبر سے 1 اکتوبر تک بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہو گا۔