بلوچستان میں ہونے والے گرینڈ جرگہ نے افواجِ پاکستان پر اعتماد کا اظہار کر دیا

image

بلوچستان کے ضلع ژوب میں گرینڈ جرگہ کا انعقاد، جرگے میں وزیرِ اعلیٰ بلوچستان، کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم اور عمائدین علاقہ نے شرکت کی، عمائدین نے جرگے کے اختتام پر موجودہ حکومت اور افواج پاکستان سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

کوئٹہ: (نیوز ڈیسک) موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر بلوچستان کے ضلع ژوب میں گرینڈ جرگے کا انعقاد کیا گیا۔ گرینڈ جرگہ میں گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ کمانڈر بلوچستان کور لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان، عمائدین علاقہ اور اعلیٰ سول و عسکری حکام بھی جرگے میں شریک ہوئے۔ 

ذرائع کے مطابق جرگے کے شرکاء نے ژوب کے قبائلی عمائدین اور مشیران سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران شرکاء نے مختلف طبقات کے نمائندوں سے علاقے میں درپیش مسائل سے متعلق دریافت کیا۔ ضلع ژوب کے قبائلی نمائندوں اور علاقہ کے لوگوں نے جرگے کے شرکاء کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ 

اس موقع پر قبائلی عمائدین اور مشیران کی جانب سے امن و امان کے قیام کیلئے سیکیورٹی فورسز کے کلیدی کردار کو سراہا گیا۔ جرگے میں شریک عمائدین نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ جرگے کے اختتام پر مقامی عمائدین کی جانب سے موجودہ حکومت اور مسلح افواج پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا۔