قمر جاوید باجوہ کا دورہ چین، چین کی طرف سے سیلاب متاثرین کے لیے 500 ملین یوان امداد دینے کا اعلان

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ 2 روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچے، جہاں ان کی چینی وزیر دفاع جنرل وئی فینگ ہی سے ملاقات ہوئی۔
شنگائی: آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ 2 روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچے، جہاں انکا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ چینی وزیر دفاع جنرل وئی فینگ ہی نے دوران ملاقات کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنے تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے، انہوں نے اقتصادی راہداری منصوبوں کی پیش رفت پر اظہار اطمینان کا اظہار کیا اور منصوبے کی بروقت تکمیل کی امید ظاہر کی۔
جنرل وئی فینگ ہی نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چین امدادی سرگرمیوں کيلئے تکنیکی مدد فراہم کرنے کيلئے تیار ہے۔ دوسری جانب آرمی چیف جنرل قمر جاويد باجوہ کے دورہ چين کے اثرات آنا شروع ہوگئے یں، اورچین نے پاکستان کو سیلاب زدگان کیلئے 500 ملین یوان امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ 100 ملین یوان انسانی ہمدردی کے فوری پروگرام کے تحت ديئے جائيں گے، جب کہ چینی حکومت سیلاب متاثرین کیلئے 300 ملین یوان الگ بھی دے گی۔
پیپلز لبریشن آرمی نے بھی سیلاب زدگان کیلئے 100 ملین یوان دینے کا اعلان کیا ہے۔ چین کی جانب سے یوان میں اعلان کردہ امداد 71.3 ملین ڈالراور پاکستانی کرنسی میں 15.8 ارب روپے بنتی ہے۔