حلیم عادل شیخ نے سندھ حکومت سے سیلاب زدگان میں تقسیم کی گئی امداد کی تفصیلات طلب کر لیں

image

سندھ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے صوبائی حکومت کی جانب سے سیلاب زدگان میں تقسیم کی گئی امداد کی تفصیلات مانگ لی ہیں۔

کراچی: تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما اور سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ نے چیف سیکریٹری سندھ کو خط لکھا ہے جس میں سیلاب زدگان میں تقسیم کی جانے والی امداد کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے سیلاب زدگان میں لاکھوں خیمے، راشن بیگ اور دیگر سامان تقسیم کیا ہے اس کے اعداد وشمار جاری کیے جائیں۔ پی ٹی آئی رہنما نے اپنے خط میں سوال اٹھایا ہے کہ سندھ حکومت نے یہ نہیں بتایا کہ امدادی سامان کن علاقوں میں اور کتنا کتنا تقسیم کیا گیا؟

حلیم عادل شیخ نے سندھ حکومت سے ملکی اور غیر ملکی امدادی سامان کی تفصیلات بھی مانگی ہیں۔ انہوں نے مزید استفسار کیا ہے کہ 14 سال میں محکمہ آبپاشی کو اربوں روپے کا بجٹ جاری ہوا ہے اس کے باوجود سیلاب کے باعث نہروں، سیم نالوں میں شگاف پڑنے سے متعدد شہر اور گاؤں زیر آب آگئے، کیا غلفت برتنے والے آبپاشی افسران کیخلاف کوئی کارروائی کی گئی؟ 

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں بیماریاں تیزی سے پھیل رہی ہیں، بتایا جائے کہ وبائی امراض سے بچنے کیلیے کیا اقدامات کیے گئے ہیں؟ واضح رہے کہ اندرون سے سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کی جانب سے امداد نہ ملنے کی شکایات منظر عام پر آرہی ہیں۔ گزشتہ دنوں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے عمر کوٹ کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا تھا جہاں ڈنڈا بردار افراد اور متاثرہ خواتین نے ان کی گاڑی کا گھیراؤ کر لیا تھا۔