روس اور یوکرین کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کا سلسلہ جاری

image

124 افسران سمیت یوکرین کے 215 شہری رہا، روس اور یوکرین کے درمیان اب تک کا یہ سب سے بڑا قیدیوں کا تبادلہ ہے، دونوں ملکوں نے 24 مارچ 2022ء کو قیدیوں کے تبادلے کا آغاز کیا تھا۔

کیف: روس اور یوکرین کے درمیان بڑے پیمانے پر قیدیوں کے تبادلے کا سلسلہ جاری ہے۔ غیر ملکی میڈیا ذرائع کے مطابق روس نے یوکرین کے 124 افسران سمیت 215 افراد کو رہا کر دیا ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان جنگ کے آغاز کے بعد قیدیوں کا یہ سب سے بڑا تبادلہ ہے۔ 

روس کی جانب سے رہا کیے گئے قیدی واپس اپنے گھروں کو پہنچ گئے ہیں۔ رہا ہونے والے افراد میں یوکرینی بحریہ، ریاستی سیکیورٹی سروسز، ریاستی کسٹم سروس اور دیگر ایجنسیوں کے فوجی بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ روس نے ازوف رجمنٹ کے حاضر سروس اہلکاروں کو بھی رہا کیا ہے۔ 

یوکرینی میڈیا ذرائع کے مطابق قیدیوں کے تبادلے میں 2 شہریوں کو بھی رہا کیا گیا ہے۔ یوکرینی صدر زیلینکسی کا کہنا ہے کہ رہا ہونے والے افراد میں 10 غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کا سلسلہ 24 مارچ 2022ء کو شروع ہوا تھا۔