بھارت میں دل دہلا دینے والا واقعہ، دھکے کھائے مگر ایمبولینس نہ ملی

image

آٹھ سالہ بچہ اپنے دو ماہ کے بھائی کی لاش گود میں رکھ کر گھنٹوں بیٹھا، تصویر وائرل ہونے پر ہر آنکھ اشک بار، غریب باپ اپنے بچے کی لاش گھر لے جانے کیلئے گاڑی کی تلاش میں در در بھٹکتا رہا۔

مورینا: بھارتی شہر مورینا میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا۔ آٹھ سالہ بچہ اپنے دو ماہ کے بھائی کی لاش گود میں رکھ کر گھنٹوں بیٹھا رہا لیکن ایمبولینس نہ ملی۔ بھائی کی لاش گود میں لئے بچے کی تصویر نے ہر آنکھ کو رلا دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ایک غریب باپ اپنے بچے کی لاش ضلعی اسپتال سے گھر لے جانے کیلئے سستی گاڑی کی تلاش میں ذلیل و خوار ہوتا رہا، مگر ایمبولینس نہ ملی۔ اس دوران اس شخص کا 8 سالہ بچہ اپنے بھائی کی لاش کو گود میں لئے بیٹھا رہا۔ جب معاملہ بڑھ گیا تو فوری طور پر ایمبولینس کا بندوبست کیا گیا۔ 

امباہ تحصیل کے بڈفرا گاﺅں کے رہنے والے پوجارام اپنے دو سالہ بیٹے کو ایمبولینس کے ذریعے امباہ اسپتال سے بھیجنے کے بعد ضلع اسپتال مورینا لے کر آئے خون کی کمی اور پیٹ میں پانی بھرنے کی بیماری میں مبتلا بچہ دوران علاج انتقال کرگیا۔ بچے کے انتقال کے بعد اس کے غریب والد نے اسپتال کے ڈاکٹروں اور عملے سے بچے کی لاش گاﺅں لے جانے کیلئے گاڑی مانگی تو انہوں نے یہ کہہ کر انکار کردیا کہ کوئی نہیں ہے کرائے کی گاڑی سے لاش لے جاﺅ۔ بعد ازاں اسپتال کے احاطے میں کھڑی ایمبولینس کے آپریٹر نے لاش لینے کیلئے ڈیڑھ ہزار روپے مانگے لیکن پوجارام کے پاس اتنی رقم نہیں تھی جس کے بعد وہ اپنے بیٹے کی لاش لے کر ہسپتال کے باہر آگیا، جب اسپتال کے باہر بھی کوئی گاڑی نہیں ملی تو پوجارام نے اپنے 8 سالہ بیٹے کو پارک کے سامنے سڑک کے کنارے بٹھایا اور چھوٹے بیٹے کی لاش پریم کی گود میں رکھ کر سستی گاڑی تلاش کرنے چلا گیا۔ 

آٹھ سالہ بچہ کئی گھنٹے تک اپنے بھائی کی لاش کو گود میں اٹھائے بیٹھا رہا اس دوران اس کی آنکھیں سڑک پر اپنے والد کی واپسی کا انتظار کرتی رہیں۔ کبھی پریم رونے لگتا تو کبھی اپنے بھائی کی لاش کو سہلاتا رہا لیکن ایمبولینس نہ ملی۔ بعد ازاں واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی پریم اور اس کے بھائی کی لاش کو ضلع اسپتال لے گئے جس کے بعد لاش کو ایمبولینس کے ذریعے بڈفرا روانہ کیا گیا، پوجا رام نے پولیس کو بتایا کہ میرے چار بچے ہیں، تین بیٹے اور ایک بیٹی۔ جن میں راجہ سب سے چھوٹا تھا، میری بیوی تین چار مہینے پہلے گھر چھوڑ کر اپنے میکے چلی گئی، تب سے میں خود بچوں کی دیکھ بھال کرتا ہوں۔