مریم نواز کی آڈیو لیک کی اصلیت کا پہلے ہی پتہ تھا عوام کو اب پتہ لگا ہے: پرویز الٰہی

image

ماڈل ٹاؤن میں عورتوں اور بچوں کو قتل کرنے والوں پر مقدمے کیے جائیں گے، مارچ ہوا تو رانا ثناء اللہ کو کہتا ہوں کہ اسلام آباد سے باہر نکل کر دکھائے، شہباز شریف بیرون ملک جا کر کہتا ہے پیسے مانگنے نہیں آیا لیکن مجبور ہوں، مجھے تو ڈر تھا کہ یہ ان سے واپسی کی ٹکٹ ہی نہ مانگ لے۔ 

گجرات: وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ مریم نواز کی لیک آڈیو میں میرے متعلق جو گفتگو کی گئی ہے، اس پر افسوس ہوا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی گجرات میں چوہدری ظہور الہٰی کی 41ویں برسی پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ دورانِ گفتگو وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مریم نواز کی آڈیو لیک کی اصلیت کا پہلے ہی پتہ تھا، عوام کواب پتہ لگا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ میرے خلاف باتیں کر کے مریم نواز نے اپنی اصلیت بتائی ہے، میں نے اور مونس الہٰی نے عمران خان کا ساتھ اسی وجہ سے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف بیرون ملک جا کر کہتا ہے پیسے مانگنے نہیں آیا لیکن مجبور ہوں، مجھے تو ڈر تھا کہ یہ ان سے واپسی کی ٹکٹ بھی نہ مانگنے لگے۔ انہوں نے کہا کہ مارچ ہوا تو رانا ثناء اللہ کو کہتا ہوں کہ اسلام آباد سے باہر نکل کر دکھائے، رانا ثناء اللہ کو سب سے بڑا خوف سانحہ ماڈل ٹاؤن کا ہے۔

چوہدری پرویز الہٰی نے مزید کہا کہ نواز شریف پاکستان نہیں آئے گا۔ ماڈل ٹاؤن میں عورتوں اور بچوں کو قتل کرنے والوں پر مقدمے کیے جائیں گے۔ پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ جھوٹے مقدمات کی سیاست نہیں کرتا، مگر جو درست مقدمات ہیں ان پر عملدرآمد ہوگا۔