آڈیو لیکس، وزیراعظم نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا

image

وزیراعظم ہاؤس سمیت اہم مقامات سے خفیہ ریکارڈنگ کا معاملہ، وزیراعظم شہباز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا، اگر پی ایم ہاؤس میں کوئی آلہ فٹ ہوا ہے تو یہ سیریس معاملہ ہو گا۔

اسلام آباد: ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بدھ کو وزیراعظم ہاؤس میں طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں آئی ایس آئی اور آئی بی کے سربراہان بھی شرکت کریں گے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ آئی بی اور آئی ایس آئی کے سربراہان خفیہ ریکارڈنگز کے متعلق قومی سلامتی کمیٹی کو بریف کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وزیرِ دفاع، وزیرِ داخلہ، وزیرِ خارجہ اور وزیرِ خزانہ بھی شرکت کریں گے۔ یاد رہے کہ دو روز قبل وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس کی آڈیو سامنے آئی تھی۔ جس کے بعد پی ایم ہاؤس کی سکیورٹی کے حوالے سے سوالات اٹھائے جا رہے تھے۔

وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ اس حوالے سے کہہ چکے ہیں کہ معاملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اور تحقیقات کے بعد ہی معلوم ہو گا کہ پی ایم ہاؤس کی سکیورٹی بریچ ہوئی یا نہیں۔ وزیرِ داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ فی الحال اسے سنجیدہ نہیں لینا چاہیے۔