روس سے الحاق کرنے والے یوکرینی علاقوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا: روسی وزیر خارجہ

image

یوکرین اور روس کے درمیان جنگ تاحال جاری، یوکرین کے 4 مشرقی علاقوں میں ریفرینڈم تیسرے دن میں داخل ہو گیا، روس کی جانب سے ریفرنڈم کا مقصد طاقت کے ذریعے قبضہ کیے گئے علاقوں سے الحاق کرنا ہے۔

ماسکو: روسی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ روس سے الحاق کرنے والے یوکرینی علاقوں کو مکمل طور پر تحفظ فراہم کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق یوکرین اور روس کے درمیان جنگ کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ یوکرین کے علاقے خارکیف میں لڑائی کے دوران ہلاک ہونے والے 400 افراد کی لاشیں مل گئی ہیں۔ ادھر یورپی یونین کا کہنا ہے کہ روسی صدر کی جوہری ہتھیار استعمال کرنے کی دھمکی کو سنجیدہ لیا جائے۔ 

دوسری جانب یوکرین روس کے زیر قبضہ اپنے علاقوں کو واپس لینے کی کوشش میں مصروف ہے۔ یوکرینی فوج کے فارورڈ لائنز پر حملے جاری ہیں۔ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ نے ایک برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ روس یوکرین جنگ خطرناک مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین کی فوج نے روسی فوج کو ایک کونے میں دھکیل دیا ہے۔ روسی صدر پیوٹن یوکرین کے خلاف کسی حد تک بھی جا سکتے ہیں۔ 

روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے اقوام متحدہ میں اپنے خطاب کے دوران کہا ہے کہ یوکرین کے جن علاقوں میں ریفرنڈم جاری ہے، اگر انہوں نے روس کے ساتھ الحاق کیا تو انہیں مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ روس کی طرف سے یوکرین کے علاقوں میں ریفرینڈم کرانے کا مقصد طاقت کے ذریعے قبضہ کیے گئے علاقوں سے الحاق کرنا ہے۔ یوکرین کی جانب سے اس ریفرنڈم کو دھوکہ دہی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا گیا ہے۔