راوی اربن ڈیویلپمنٹ اتھارٹی پروجیکٹ اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام

image

علاقہ کے لوگ اس پراجیکٹ کیلئے اپنی زمینیں دینے کیلئے آمادہ نہیں، نقشے کے مطابق منصوبے کے فیز ون کا کل رقبہ 22 ہزار 705 ایکڑ پر مشتمل، اس پروجیکٹ کا افتتاح سابق وزیراعظم عمران خان نے کیا تھا۔

لاہور: تفصیلات کے مطابق راوی اربن ڈیویلپمنٹ اتھارٹی پراجیکٹ اپنے مقاصد پورے نہ کر سکا۔ اس پراجیکٹ کا افتتاح سابق وزیراعظم عمران خان نے کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق علاقہ مکین اور زرعی زمینوں کے مالکان اپنی زمین اس پراجیکٹ کیلئے دینے کیلئے رضامند نہیں ہیں۔

نقشے کے مطابق منصوبے کے فیز ون کا کل رقبہ 22 ہزار 705 ایکڑ پر مشتمل ہے۔ اس رقبے میں 22 سو ایکڑ پر پھیلا ایک جزیرہ اور 612 ایکڑ پر مشتمل بستیاں شامل ہیں۔ اس کے علاؤہ دریا کے دائیں کنارے پر 7 ہزار 34 ایکڑ اور بائیں کنارے پر  9 ہزار 515 ایکڑ رقبہ موجود ہے۔

علاقہ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ اس پراجیکٹ کیلئے اپنی زمینیں دینے کیلئے آمادہ نہیں ہیں۔ لوگوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے ہم پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔ علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا کہ ہمیں ہماری زمینوں کے عوض اتنا معاوضہ دیا جائے کہ ہم کوئی دوسرا کام شروع کر سکیں۔