بھارتی ٹیچر نے معمولی غلطی پر طالب علم کو قتل کر دیا

image

افسوسناک واقعہ بھارتی ریاست اترپردیش میں پیش آیا، اتر پردیش کے ضلع اورایا میں عوام کی جانب سے شدید احتجاج، ملزم کی گرفتاری کیلئے پولیس جگہ جگہ چھاپے مار رہی ہے۔

اتر پردیش: تفصیلات کے مطابق انڈیا کی ریاست اتر پردیش کے ضلع اورایا میں امتحان کے دوران لفظ سوشل کے اسپیلنگ غلط لکھنے پر ٹیچر نے طالب علم کو قتل کر دیا۔ ظالم ٹیچر نکحل دوہرے نامی طالب علم کو شدید تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد موقع سے فرار ہو گیا۔ طالب علم کو نیم مردہ حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ جان کی بازی ہار گیا۔

مقتول کے والد نے پولیس کو بیان دیتے ہوئے کہا کہ معمولی غلطی پر میرے بیٹے کی جان لے لی گئی۔ میرے بیٹے کو آہنی راڈوں اور لاتوں سے نشانہ بنایا گیاہے۔ انھوں نے کہا مجھے عدالتوں پر پورا اعتماد ہے کہ وہ میرے ساتھ انصاف کریں گی۔

طالب علم کی موت پر اورایا ضلع میں شدید احتجاج شروع ہوگیا ہے اور مظاہرین کی جانب سے ٹیچر کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کیلئے جگہ جگہ چھاپے مارے جا رہے ہیں، بہت جلد ملزم کو گرفتار کر لیں گے۔