ایک مجرم کو وزارت خزانہ کا قلمدان سونپنا ملکی مفاد میں نہیں: عمر سرفراز چیمہ

image

وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر کی لاہور میں میڈیا سے گفتگو، ملکی خزانے کی چابی منی لانڈر کے ہاتھ میں دی جا رہی ہے، پنجاب حکومت عشرہ رحمت اللعلمین بھرپور طریقے سے منائے گی، ملکی مسائل کا حل صرف صاف اور شفاف انتخابات ہیں۔ 

لاہور: وزیراعلی پنجاب کے مشیر عمر سرفراز چیمہ کا کہنا ہے کہ ایک مفرور مجرم کو وزارت خزانہ کا قلمدان سونپنا ملکی سلامتی کے منافی ہے۔ لاہور میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر وفاقی حکومت اعتراض کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھاندلی کا خاتمہ صرف ای وی ایم مشین سے ہی ہو سکتا ہے۔ 

عمر سرفراز چیمہ نے اپنی گفتگو کے دوران کہا کہ چوہدری پرویز الٰہی ہر کام پی ٹی آئی کی مشاورت سے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرویز الہی اور عمران خان کا مقصد ملک و قوم کی خدمت کرنا ہے۔ سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ ملکی خزانہ ایک منی لانڈر کے ہاتھ میں دیا جا رہا ہے جو ملکی سلامتی کیلئے خطرناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت نئے طریقے آزمانے سے بہتر نہیں ہوگی۔ 

وزیراعلی کے مشیر نے اپنی گفتگو میں کہا کہ معاشی عدم استحکام کی بنیادی وجہ سیاسی عدم استحکام ہے۔ ملکی معیشت اس وقت تک بہتر نہیں ہو سکتی جب تک سیاسی استحکام نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ملکی مسائل کا واحد حل صاف اور شفاف انتخابات ہیں۔ عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ پنجاب حکومت عشرہ رحمت اللعالمین بھرپور طریقے سے منائے گی۔ 

میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمر سرفراز چیمہ کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار کو وزیر خزانہ بنانے کا پلان لندن میں تیار ہوا ہے۔ اسلام آباد روانگی سے قبل اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کو دوبارہ اسی بلندی پر لے جائیں گے جس طرح نواز شریف کے دور حکومت میں تھا۔ لندن میں ہونے والے مشاورتی اجلاس میں فیصلہ ہوا تھا کہ اسحاق ڈار پہلے سینیٹر کا حلف اٹھائیں گے اور بعد میں وزیر خزانہ منتخب ہوں گے۔