ارشد شریف شہید کی ٹیسٹ رپورٹس تیار کرنے کیلئے ڈاکٹروں کی نئی ٹیم تشکیل
ڈاکٹر عائشہ میڈیکل بورڈ کی سربراہ مقرر، پوسٹ مارٹم رپورٹ تیار کرنے کیلئے میڈیکل بورڈ کا اجلاس، رپورٹس کی تیاری کیلئے 8 رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا ہے۔
اسلام آباد: تفصیلات کے مطابق معروف اینکر ارشد شریف شہید کیس کے سلسلے میں ڈاکٹروں کی ایک اور ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ میڈیکل ٹیم پمز ہسپتال کے ڈاکٹروں پر مشتمل ہے۔ ڈاکٹروں کی یہ 7 رکنی ٹیم ارشد شریف شہید کی ٹیسٹ رپورٹس تیار کرے گی۔ ڈاکٹروں کی اس ٹیم کا تعلق پمز ہسپتال کے شعبہ ریڈیالوجی سے ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق پمز ہسپتال کے شعبہ ریڈیالوجی کی یہ کمیٹی ٹیسٹ رپورٹس کی بنیاد پر اپنی سفارشات تیار کرے گی۔ اس کمیٹی کی بنائی ہوئی رپورٹس کو بعد میں مرکزی میڈیکل بورڈ کو بھیج دیا جائے گا۔ پمز ہسپتال کے ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کی ڈاکٹر عائشہ کو اس خصوصی میڈیکل بورڈ کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ڈاکٹر مجاہد رضا، ڈاکٹر عالیہ احمد، ڈاکٹر زکیہ شاہ، کنسلٹنٹ ریڈیالوجسٹ غزالہ ملک، ڈاکٹر ثمینہ اور ڈاکٹر سارہ بھی میڈیکل بورڈ میں شامل ہیں۔ واضح رہے کہ ارشد شریف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کی تیاری کیلئے میڈیکل بورڈ کا اجلاس ہوا۔ ارشد شریف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کی تیاری کیلئے 8 رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا ہے۔