بھارتی فوج کے ہاتھوں ایک اور کشمیری نوجوان شہید

image

 قابض فوج کی نہتے کشمیری نوجوان پر اندھا دھند فائرنگ، ایک ہفتے کے دوران بھارتی فوج نے 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا، بارڈر سیکیورٹی فورس کے ترجمان نے اس بات کا اعتراف کیا کہ نوجوان کے پاس سے اسلحہ، بارود یا کوئی خطرناک شے برآمد نہیں ہوئی۔

سری نگر: تفصیلات کے مطابق مقبوضہ وادی میں بھارت کی ریاستی دہشتگردی جاری ہے۔ بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے ایک اور  کشمیری نوجوان کو گولیاں مار کر شہید کردیا ہے۔ ایک ہفتے کے دوران قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 4 ہوگئی۔

ایک عینی شاہد کے مطابق انڈین بارڈر سیکیورٹی فورس کے اہلکار ایک نوجوان کے قریب آنے سے بوکھلا گئے۔ نوجوان کے قریب آنے پر سیکورٹی فورس نے نہتے نوجوان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

دوسری جانب بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس کے ترجمان نے سیکورٹی فورس کے ہاتھوں کشمیری نوجوان کی شہادت کی تصدیق کر دی ہے۔ ترجمان کے مطابق سیکورٹی فورس نے نوجوان کو مشکوک انداز میں چلنے کی وجہ سے شہید کیا ہے۔ سیکیورٹی فورس کے ترجمان نے یہ بھی اعتراف کیا کہ اہلکاروں کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے نوجوان کی جب تلاشی لی گئی تو اس کے پاس سے اسلحہ، بارود یا کوئی خطرناک شے برآمد نہیں ہوئی ہے۔ تحقیقات کے دوران نوجوان اگر کسی جرم میں ملوث نہ پایا گیا تو سیکیورٹی اہلکاروں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی۔