چین کے وسطی صوبے ہینان کے شہر آنیانگ کی ایک فیکٹری میں آتشزدگی

image

فیکٹری میں آگ لگنے سے 40 افراد جاں بحق، فیکٹری میں کام کرنے والے 2 افراد زخمی اور 2 لاپتہ ہو گئے، آگ لگنے کی بنیادی وجوہات ابھی تک ظاہر نہیں کی گئیں۔

بیجنگ: تفصیلات کے مطابق چین کے وسطی صوبے ہینان کی ایک فیکٹری میں آتشزدگی کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے۔ صوبہ ہینان کے شہر آنیانگ کے ہائی ٹیک زون میں واقع ایک فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آتشزدگی کے اس افسوسناک واقعے میں 40 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ 

فیکٹری میں لگنے والی آگ کے باعث 2 افراد زخمی جبکہ 2 لاپتہ ہوگئے ہیں۔ آگ لگنے سے چاروں طرف دھوئیں کے بادل چھا گئے۔ چینی میڈیا کے مطابق آتشزدگی میں زخمی ہونے والے افراد کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ آگ بجھانے کے عمل میں 200 فائر فائٹرز اور فائر بریگیڈ کی 63 گاڑیوں نے حصہ لیا۔ 

عینی شاہدین کے مطابق آگ بجھانے میں کئی گھنٹے لگ گئے۔ فیکٹری میں کام کرنے والوں کے اہل خانہ کی بڑی تعداد بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئی۔ چین کی جانب سے ابھی تک آگ لگنے کی وجوہات ظاہر نہیں کی گئیں۔ چین کے سیکیورٹی ڈیپارٹمنٹ نے آتشزدگی کا شکار ہونے والی فیکٹری سے کچھ مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے جن کے بارے میں ابھی تک تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔