کوئٹہ میں کسٹم حکام کی بڑی کارروائی، اسمگلنگ کی کوشش ناکام

image

کوئٹہ میں ٹرک پر چھاپہ، 12 کروڑ روپے کا بھارتی گٹکا برآمد، گٹکا قلعہ سیف اللہ سے لوڈ کیا گیا، ٹرک کو تحفظ دینے کیلئے آس پاس 3 گاڑیاں سفر کر رہی تھیں۔ 

کوئٹہ: کسٹم حکام نے ایک بڑی کارروائی کے بعد اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ کسٹم نے اطلاع ملنے کے بعد کوئٹہ ایئرپورٹ کے قریب ٹرک پر چھاپہ مار کر 12 کروڑ روپے مالیت کا اسمگل شدہ بھارتی گٹکا برآمد کرلیا۔ کسٹم کے چھاپے میں برآمد ہونے والے گٹکے پر واجب الادا ٹیکس کی مالیت 5 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد ہے۔

ڈی جی کسٹمز انٹیلی جنس نے بتایا کہ ڈائریکٹوریٹ کسٹمز انٹیلی جنس نے موصول ہونے والی ایک خفیہ اطلاع پر کوئٹہ ایئر پورٹ کے قریب ایک کامیاب کارروائی کے دوران بھاری مالیت کا بھارتی نشہ آور گٹکا برآمد کر لیا ہے۔ کسٹم انٹیلی جنس آفیسر کی مدعیت میں 5 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے برآمد ہونے والے انڈین اسمگلڈ گٹکا ضبط کرلیا گیا ہے۔ ڈی جی کسٹمز نے مزید بتایا کہ موصولہ خفیہ اطلاع کے بعد کسٹمز انٹیلی جنس کی ایک چھاپہ مار ٹیم تشکیل دی گئی جس نے ایئرپورٹ روڈ کوئٹہ پر جانے والے ایک ٹرک نمبر TAL-643 کا مسلسل پیچھا کیا کیونکہ اس ٹرک کو اطراف میں چلنے والی 3 مختلف گاڑیوں میں سوار افراد باقاعدہ تحفظ فراہم کر رہے تھے۔

ڈی جی کسٹمز کا کہنا تھا کہ خطرہ ہونے کے باوجود کسٹمز انٹیلی جنس کی چھاپہ مار ٹیم نے ٹرک کو مداخلت کرتے ہوئے روک کر اس کی تلاشی لی تو ٹرک سے مجموعی طور پر 7 کروڑ 77 لاکھ روپے مالیت کا بھارتی گٹکا برآمد ہوا۔ ٹرک سے 5 کروڑ 7 لاکھ 50 ہزار مالیت کے ایف او آداب گٹکے کے 580 پارسل اور 2 کروڑ 69 لاکھ 50 ہزار روپے مالیت کے زیڈ 21 گٹکے کے 350 پارسل برآمد ہوئے۔ ڈی جی کسٹمز انٹیلی جنس نے مزید بتایا کہ اسمگلنگ میں استعمال ہونے والے ٹرک کی مالیت ایک کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔