اسرائیل کا فلسطینیوں کے خلاف طاقت کا استعمال تشویشناک ہے: یورپی یونین

image

 

 

 

 

سال 2022ء میں اسرائیلی فوج نے 140 فلسطینیوں کو شہید کیا، انسانی جانوں کی اتنی بڑی تعداد میں نقصان کے ذمہ داروں کا احتساب ہونا چاہئیے، جو کچھ فلسطین میں ہو رہا ہے وہ انتہائی خطرناک ہے۔ 

غزہ: تفصیلات کے مطابق یورپی یونین نے اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر طاقت کے استعمال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ مقبوضہ فلسطین میں قائم یورپی یونین کے دفتر سے ایک ٹویٹ کیا گیا ہے جس میں اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کے خلاف طاقت کے استعمال پر شدید مذمت کی گئی ہے۔  یورپی یونین کے مطابق سال 2022ء فلسطینی عوام کیلئے ہلاکت خیز ثابت ہوا ہے۔ 

یورپی یونین کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال اسرائیل کی جانب سے 140 فلسطینیوں کو شہید کیا گیا ہے۔ یورپی یونین کی جانب سے کہا گیا ہے کہ فلسطینی شہریوں کی ہلاکتوں کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔ یورپی یونین کا کہنا ہے کہ فلسطین میں اتنی بڑی تعداد میں انسانی جانوں کے نقصان کے ذمہ داروں کا احتساب ہونا چاہئیے کیونکہ یہ انسانی حقوق کی سراسر خلاف ورزی ہے۔ 

یورپی یونین کے اس بیان سے پہلے سوشل میڈیا پر ایک ایسی پوسٹ کی گئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک اسرائیلی فوجی ایک فلسطینی کو گولی مارنے سے پہلے اس پر تشدد کر رہا ہے۔ گولی لگنے والا نوجوان سڑک پر تڑپتا رہا لیکن اسے کوئی طبی امداد نہیں دی گئی۔ واضح رہے کہ اسرائیلی قابض فوج گلی کوچوں میں فلسطینی نوجوانوں کو بطور خاص نشانہ بنا رہی ہے۔