یورپ کے 7 ممالک میں یوکرین کے سفارتخانوں اور قونصل خانوں کو جانوروں کی آنکھوں والے پارسل موصول

image

یوکرین اور اسپین کے حکام نے خونی پارسل موصول ہونے کی تصدیق کردی، اسپین کے دارالحکومت میں جاسوس کتوں کی مدد سے مختلف علاقوں میں تلاشی شروع کر دی گئی، میڈرڈ میں امریکی سفارت خانے کے ایڈریس پر بھی بم والے 6 پارسل بھیجے گئے تھے۔ 

میڈرڈ: تفصیلات کے مطابق یورپ کے 7 ممالک میں یوکرین کے سفارت خانوں کو خونی پارسل موصول ہوئے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا ذرائع کے مطابق یوکرین کے سفارتخانوں اور قونصل خانوں میں جانوروں کی آنکھوں والے پارسل بھیجے گئے ہیں۔ اسپین اور یوکرین کے حکام کی جانب سے اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ یورپ میں یوکرائن سفارتی مشنز کو خونی پیکیجز بھیجے گئے ہیں۔ 

اسپین کے حکام کا کہنا ہے کہ ان پارسلز پر باہر کے ملک کی اسٹیمپ لگی ہوئی تھی۔ یوکرینی وزارت خارجہ کے مطابق یہ پیکیجز محلول میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ ہنگری، نیدرلینڈز، پولینڈ، کروشیا، اٹلی اور پولینڈ میں یوکرین کے قونصل خانوں کو بھی ایسے پارسل بھیجے گئے ہیں۔ یوکرین کی وزارت خارجہ کے مطابق محلول میں ڈوبے ہوئے ان پیکیجز کا رنگ اور خوشبو مخصوص قسم کی تھی۔ 

یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ ان پارسلز کے پیچھے چھپے ہوئے پیغام کو سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پارسل موصول ہونے کے بعد اسپین کی پولیس نے میڈرڈ میں کتوں کی مدد سے تلاش شروع کر دی ہے۔ واضح رہے کہ اسپین میں یوکرین کے سفارتخانے، وزیراعظم پیڈرو سانچز اور میڈرڈ میں امریکی سفارت خانے کے ایڈریس پر بھی بم والے 6 پارسل بھیجے گئے تھے جس کے بعد میڈرڈ میں سیکیورٹی کے انتظامات سخت کر دیے گئے تھے۔