سی ڈی اے نے سینٹورس مال سیل کرنے کی وجہ بتا دی

image

شاپنگ مال کو بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی پر سیل کیا گیا، شاپنگ مال کی انتظامیہ کو متعدد بار غیر قانونی تعمیرات کو ختم کرنے کا کہا گیا، سینٹورس مال کے ملازمین اور رہائشیوں نے چیف جسٹس سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ 

اسلام آباد: تفصیلات کے مطابق کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے سینٹورس مال کو سیل کرنے کی وجہ بتا دی ہے۔ سی ڈی اے کے بلڈنگ کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے مطابق سینٹورس مال انتظامیہ کو متعدد بار غیر قانونی تعمیرات کو ختم کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔ ‏سی ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ شاپنگ مال کو بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی پر سیل کیا گیا تھا۔ 

سی ڈی اے بلڈنگ کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کارروائی سے پہلے سینٹورس مال انتظامیہ کو متعدد بار نوٹسز بھیجے گئے تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ شاپنگ مال کی بیسمنٹ ون میں غیر قانونی دفاتر اور اسٹور روم بنائے گئے ہیں۔ اسی طرح شاپنگ مال کے دوسرے بیسمنٹ میں غیر قانونی طور پر کنٹین بنائی گئی ہے۔ 

سی ڈی اے حکام کا تفصیلات بتاتے ہوئے کہنا تھا کہ مال کے تیسرے بیسمنٹ میں غیر قانونی طور پر مینجمنٹ آفس اور اسٹور بنائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ چوتھی بیسمنٹ میں غیر قانونی طور پر ویئر ہاؤس بھی بنائے گئے ہیں۔ سی ڈی اے حکام نے واضح کیا ہے کہ کئی بار مال انتظامیہ کو غیر قانونی تعمیرات ختم کرنے کا کہا گیا تھا۔ 

دوسری جانب سینٹورس مال کے ملازمین اور رہائشیوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اس معاملے پر نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ مال کے ملازمین کا کہنا ہے کہ شاپنگ مال کو بند کر کے وزیر اعظم آزاد کشمیر کو سوال کرنے کی سزا دی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ موجودہ حکومت نے سردار تنویر الیاس کے خلاف انتقامی کاروائی کرتے ہوئے سینٹورس مال کو سیل کروا دیا تھا۔