الیکشن کمیشن کا اپریل کے دوسرے ہفتے میں کے پی کے اور پنجاب میں ضمنی الیکشن کرانے پر غور

image

الیکشن کمیشن کا خیبر پختونخواہ اور پنجاب کے گورنرز سے رابطہ، انتخابات کیلئے 9 اپریل سے 12 اپریل موزوں تاریخیں ہیں، دونوں صوبائی اسمبلیوں کے ضمنی انتخابات کیلئے 15 ارب روپے کا تخمینہ، انتخابات کی مد میں وفاق نے الیکشن کمیشن کو 5 ارب روپے جاری کر دیے ہیں۔

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں عام انتخابات اپریل کے دوسرے ہفتے میں کرانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے دونوں صوبائی گورنرز سے رابطہ کیا ہے۔ الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں ضمنی انتخابات کرانے کیلئے الیکشن کمیشن مکمل طور پر تیار ہے۔ 

انتخابات کی حتمی تاریخ کا فیصلہ کرنے کیلئے الیکشن کمیشن کا اجلاس بلایا جائے گا۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس میں انتخابات کیلئے حتمی تاریخ پر غور کیا جائے گا۔ انتخابات کی حتمی تاریخ کا فیصلہ ہونے کے بعد الیکشن کمیشن شیڈول جاری کر دے گا۔ الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کا تخمینہ 15 ارب روپے لگایا ہے۔ 

اس کے علاؤہ قومی اسمبلی کی 64 نشستوں پر ضمنی انتخابات کیلئے 5 ارب روپے خرچ ہوں گے۔ وفاق کی جانب سے الیکشن کمیشن کو انتخابات کی مد میں 5 ارب روپے جاری کر دیے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب کی 297، خیبر پختونخواہ کی 115 صوبائی اور قومی اسمبلی کی 64 نشستوں پر ضمنی انتخابات کرانے ہیں۔