قابض اسرائیلی فوج کا فلسطین میں ظالمانہ کارروائیوں کا سلسلہ جاری

image

اسرائیلی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس میں ایک زرعی گودام کو مسمار کر دیا، ایک دوسری کارروائی میں اسرائیلی فوج نے ملبہ ڈال کر پانی کا کنواں بند کر دیا، مغربی کنارے کے شمال میں واقع پانی کے اس کنویں کی تعمیر کا کام 2 ماہ قبل شروع کیا گیا تھا۔

مقبوضہ بیت المقدس: تفصیلات کے مطابق فلسطین میں قابض اسرائیلی فوج کی ظالمانہ کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اسرائیلی فوجیوں نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر قلقیلیہ کے جنوب میں ملبہ ڈال کر پانی کا ایک کنواں بند کر دیا۔ پانی کے کنویں کی تعمیر کا کام 2 ماہ قبل شروع کیا گیا تھا۔ 

اسرائیلی فوج نے مشرقی علاقے 'الکثری سٹریٹ' پر چھاپہ مارا اور زیر تعمیر کنویں کو بھر دیا۔ ایک دوسری کارروائی میں اسرائیلی فوجیوں نے بیت المقدس کے شمال مشرق میں واقع العیساویہ گاؤں کے کے مشرقی علاقے میں ایک گودام کو مسمار کر دیا۔ اسرائیلی فوجیوں نے زمینوں میں موجود زیتون اور لیموں کے پودے بھی قبضے میں لے لئے۔ 

غیر ملکی میڈیا ذرائع کے مطابق اسرائیلی قابض فوج نے غرب اردن کے شہر طولکرم پر اچانک دھاوا بول دیا۔ مسلح اسرائیلی فوجیوں نے شہر کی گلیوں اور محلوں میں گشت کیا۔ اسرائیلی فوجیوں نے شہر کے مغربی علاقے میں متعدد دکانوں پر چھاپے مارے اور نگرانی کرنے والے کیمروں کی ریکارڈنگ اپنے قبضے میں لے لی۔