اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنا دیا

image

ممنوعہ فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی کی درخواست مسترد، الیکشن کمیشن کی فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ درست قرار، عدالتی بینچ میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس بابر ستار شامل ہیں۔

اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنا دیا ہے۔ عدالت نے تحریکِ انصاف کی درخواست مسترد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کی فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ درست قرار دے دی ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا عمل بھی درست قرار دیا گیا ہے۔ 

عدالتی بینچ میں چیف جسٹس ہائی کورٹ عامر فاروق، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس بابر ستار شامل ہیں۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کی فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ چیلنج کر رکھی تھی جس کے خلاف یہ فیصلہ آیا ہے۔ دوسری جانب عمران خان کے خلاف مبینہ بیٹی کو کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہ کرنے پر نااہلی کیس میں  اسلام آباد ہائی کورٹ نے لارجر بینچ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق کے روبرو سماعت میں عمران خان کی جانب سے وکیل ابوذر سلمان خان پیش ہوئے۔ اس موقع پر شہری محمد ساجد کی جانب سے وکیل سلمان بٹ عدالت میں موجود تھے۔ واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے گزشتہ روز کیس میں ابتدائی جواب جمع کروایا گیا تھا۔