آئی جی پنجاب اور چیف سیکرٹری سے ملاقات میں ہمارے معاملات طے پا چکے ہیں: فواد چوہدری

image

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کا کہنا ہے کہ لاہور میں آج امن لاہور ہائیکورٹ کی وجہ سے ہے، جسٹس طارق سلیم شیخ کو اسکا تمام کریڈٹ جاتا ہے، پولیس عمران خان کو سیکیورٹی دینے کیلئے تیار ہے۔

لاہور: (نیوز ڈیسک) تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ ڈیل نہیں ہو رہی، شہباز شریف اس ملک کی تباہی کے ذمہ دار ہیں، پٹرول سمیت ہر چیز مہنگی کر دی ہے، لوگ بچوں کو پیدل سکول چھوڑنے جاتے ہیں کیونکہ پٹرول ڈلوانے کے پیسے نہیں، لیکن حکومت دن رات عمران خان کے پیچھے لگی ہے۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ لاہور میں آج امن لاہور ہائیکورٹ کی وجہ سے ہے، جسٹس طارق سلیم شیخ کو اسکا تمام کریڈٹ جاتا ہے، عدالتی حکم پر رات کو ہماری ملاقات ہوئی، آج جو حل تلاش کیا عدالت میں بتائیں گے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ آئی جی پنجاب اور چیف سیکرٹری سے ملاقات ہوئی ہے، ہمارے معاملات طے پا چکے ہیں، پنجاب پولیس عمران خان کو سیکیورٹی دینے کے لیے تیار ہے۔