سعودی شہزادہ ممدوح بن عبد العزیز دار فانی سے رخصت ہو گئے

image

ترجمان ایوان شاہی کی تصدیق، سعودی شہزادے کا انتقال 84 برس کی عمر میں ہوا، وہ شاہ فہد بن عبدالعزیز کے دور میں تبوک کے گورنر بھی رہے۔

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے  کے مطابق شہزادہ ممدوح بن عبدالعزیز جدہ کے علاقے کورنیش میں رہائش پذیر تھے ۔ ان کا انتقال 84 برس کی عمر میں ہوا ہے۔ ایوان شاہی کی جانب سے جاری بیان میں شہزادہ ممدوح بن عبدالعزیز کی مغفرت اور بلندی درجات کیلئے دعا کی گئی ہے۔ 

سعودی میڈیا کے مطابق شہزادہ ممدوح بن عبدالعزیز آل سعود نے متعدد مناصب پر خدمات سر انجام دیں۔ 1985ء میں وہ شاہ فہد بن عبدالعزیز کے دور اقتدار میں تبوک کے گورنر رہے۔ بعد ازاں انہیں اسٹراٹیجک اسٹڈیز سینٹر کا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا تاہم بعد میں انہوں نے عہدے سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔ وہ بانی مملکت شاہ عبدالعزیز کے 29 ویں فرزند تھے۔ 

دوسری طرف سعودی کنٹرول اینڈ اینٹی کرپشن کمیشن (نزاھۃ) نے کہا ہے کہ جعلسازی، منی لانڈرنگ، اثر و نفوذ کے ناجائز استعمال اور رشوت کے الزام میں 146 عہدیداروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ سعودی اخبار کے مطابق نزاھۃ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ نومبر 2023ء کے دوران 341 مشکوک افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔ جن عہدیداروں کو حراست میں لیا گیا ان کا تعلق داخلہ، انصاف، صحت، تعلیم، بلدیات و دیہی آبادکاری امور اور زراعت کی وزارتوں سے ہے۔