عمران خان کے خط پر سپریم کورٹ کا رد عمل سامنے آ گیا

image

سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے اعلامیہ جاری، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو اپنی آئینی ذمہ داریوں کا ادراک حاصل ہے، سپریم کورٹ میں بھجوائی جانے والی دستاویز سب سے پہلے میڈیا کو جاری کی گئی۔ 

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) عمران خان کی جانب سے سپریم کورٹ آف پاکستان کو لکھے گئے خط کا رد عمل سامنے آ گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کے خط پر سپریم کورٹ نے اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔ سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ یکم دسمبر کو 7 صفحات کی درخواست مع 77 صفحات موصول ہوئی۔ 

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اپنے حلف کے مطابق فرائض انجام دیتے رہیں گے۔ اعلامیہ کے مطابق قاضی فائز عیسیٰ کو نہ دباؤ میں لایا جا سکتا ہے اور نہ ہی وہ کسی کی حمایت کریں گے۔ سپریم کورٹ کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو اپنی آئینی ذمہ داریوں کا مکمل ادراک حاصل ہے۔ 

سپریم کورٹ سے جاری ہونے والے اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ دستاویز تیار کرنے والے وکیل کا نام اور رابطہ سے متعلق کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔ سپریم کورٹ کو بھیجی جانے والی دستاویز ایک سیاسی جماعت کی جانب سے بھیجی گئی تھی۔ سپریم کورٹ نے اس بات پر حیرانگی کا اظہار کیا ہے کہ سپریم کورٹ کو لفافہ موصول ہونے سے پہلے ہی دستاویز میڈیا کو جاری کی گئی تھی۔