افغانستان کی صورتحال پر پاک امریکا مذاکرات اگلے ہفتے اسلام آباد میں ہونگے

افغانستان کی صورتحال پر پاکستان اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے لئے تیاریاں مکمل، امریکی نمائندہ خصوصی سمیت اعلیٰ سطحی وفد اسلام آباد کا دورہ کرے گا، پاکستان میں مقیم 25 ہزار افغان باشندوں کا معاملہ زیر بحث آئے گا۔
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) افغانستان کی صورتحال پر پاکستان اور امریکا کے درمیان مذاکرات اگلے ہفتے دارلحکومت اسلام آباد ميں ہوں گے، مزاکرات میں شرکت کے لیے امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان تھامس ویسٹ اگلے ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے، اعلی سطح کا وفد بھی ان کے ہمراہ ہوگا۔
دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی وفود کے درمیان اہم ملاقات ہوگی، جس میں امریکا جانے والے پاکستان میں مقیم 25 ہزار افغان باشندوں کا معاملے پر بھی بات چیت ہو گی، اس کے علاوہ پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کے انخلاء پر بھی تبادلہ خیال ہوگا، پاکستان میں بڑھتے ہوئے دہشتگردی کے واقعات پر بھی تبادلہ خیال ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق اگلے ہفتے افغانستان کی صورتحال پر پاکستان امریکہ کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والے مزاکرات بڑی اہمیت کے حامل ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان پاکستان کے خلاف دہشت گردی اور افغان سرزمین استعمال ہونے پر بات چیت ہو گی، کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کےخاتمے کی حکمت عملی پر مشاورت کی جائے گی۔