آئرلینڈ کی طرف سے بھارت کو تاریخی اور المناک شکست
ٹی وی این: (سپورٹس ڈیسک) انجری کے باعث آئرلینڈ نے چھ اہم کھلاڑیوں کی عدم دستیابی کے باوجود بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کے خلاف ایک اہم اور تاریخی کامیابی سمیٹ لی۔ بیلفاسٹ میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھارت کی جانب سے ٹاس جیت کر میزبان ملک آئرلینڈ کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔
بیلفاسٹ میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھارت کی جانب سے ٹاس جیت کر میزبان ملک آئرلینڈ کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی گئی۔ آئرلینڈ کی جانب سے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے گئے۔ کپتان لوکران ٹکر 50 اور گیرتح ڈیلانی 49 رنز بنا کر بہترین کھلاڑی رہے۔ بھارتی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 148 رنز پر ہی آل آؤٹ ہو گئی۔
آئرلینڈ کی اس تاریخی کامیابی میں بھارتی نژاد فاسٹ بولر جے مونڈرا نے اپنا ایک یادگار ڈیبیو کیا۔ انہوں نے اپنے اس پہلے ہی بین الاقوامی میچ کے اندر 26 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں، اور پہلی ہی گیند پر سنجو سیمسن کو آؤٹ کرکے ہر ایک کی توجہ حاصل کرلی۔ اس کے ساتھ ساتھ ایک اور کھلاڑی میتھیو ہولارڈ نے بھی ڈیبیو کیا اور عمدہ بولنگ کرتے ہوئے صرف 28 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں اور اس میچ کے بہترین کھلاڑی بھی قرار پائے۔
آئرلینڈ کے لئے یہ کامیابی اس مایوس کن ورلڈ کپ مہم کے بعد بڑا حوصلہ افزاء لمحہ ثابت ہوئی، جہاں زمبابوے کے خلاف بارش سے متاثرہ میچ نے سپر ایٹ مرحلے تک آئرلینڈ کی رسائی کے لئے امیدیں ختم کردی تھیں۔ یہ بات واضح رہے کہ اس کامیابی سے آئرش ٹیم نے ایک مرتبہ پھر ثابت کر دیا کہ وہ بڑی ٹیموں کو بھی شکست دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، ماضی میں بھی 2007 اور 2011 کے ورلڈ کپ کے اندر پاکستان اور انگلینڈ کے خلاف آئرلینڈ یہ کارنامہ سرانجام دے چکا ہے۔