سابق وزیراعظم عمران خان توشہ خانہ کیس میں پیشی کے لیے اسلام آباد روانہ

image

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان  توشہ خانہ کیس میں پیشی کے لیے زمان پارک لاہور سے اسلام آباد روانہ ہوگئے، سیشن جج نے آج عمران خان کو فرد جرم عائد کرنےکے لیےطلب کر رکھا ہے، سماعت آج جوڈیشل کمپلیکس کی نیب کورٹ نمبر ون میں ہوگی۔

اسلام آباد: عمران خان قافلے کی شکل میں اسلام آباد پیشی کے لئے روانہ ہوگئے، توشہ خانہ کیس کی سماعت آج جوڈیشل کمپلیکس کی نیب کورٹ نمبر ون میں ہوگی۔ ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے عمران خان کوآج  فرد جرم عائد کرنےکے لیےطلب کر رکھا ہے۔ عمران خان ممکنہ طور پرآج جوڈیشل کمپلیکس جی الیون میں پیش ہوں گے۔

واضح رہے سیشن عدالت نے31 جنوری کو عمران خان پر فردجرم عائد کرنےکے لیےتاریخ پیشی مقررکی تھی، مسلسل عدم حاضری پرسیشن عدالت نے 28 فروری کو ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے، سیشن عدالت نے7 مارچ کے لیے وارنٹ گرفتاری پر عمل درآمدکراتے ہوئے عمران خان کوپیش کرنے کا حکم دیا، اسلام آباد ہائی کورٹ نے7 مارچ کو وارنٹ گرفتاری معطل کرتے ہوئے 13 مارچ کوپیش ہونےکا حکم دیا۔

سیشن عدالت نےعمران خان کے18 مارچ کے لیے وارنٹ گرفتاری جاری کرتےہوئے انہیں  پیش کرنےکا حکم دیا تھا، اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کو آج عدالت میں پیش ہونے کے لیے پولیس کو گرفتاری سے روک دیا تھا۔ دوسری طرف چیف کمشنر اسلام آباد نے گزشتہ روز توشہ خانہ کیس کی سماعت کچہری سےجوڈیشل کمپلیکس منتقل کی تھی۔