سعودی ولی عہد کی روضۂ رسول پر حاضری

image

رمضان المبارک کی متبرک گھڑیاں، محمد بن سلمان گورنر مدینہ کے ہمراہ مسجدِ نبوی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم پہنچے، روضۂ رسول صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم پہ حاضری دی اور ریاض الجنہ میں نوافل ادا کئے۔

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی ولی عہد محمد بن سلمان روضۂ رسول صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم پر حاضری کیلئے مدینہ منورہ پہنچے۔ محمد بن سلمان  اور گورنر مدینہ کا استقبال شیخ عبد الرحمٰن السدیس نے کیا۔ ولی عہد اور گورنر مدینہ نے ریاض الجنہ میں نوافل ادا کئے۔

تفصیلات کے مطابق  محمد بن سلمان مسجدِ قباء بھی گئے۔ جہاں انہوں نے دو رکعت نوافل ادا کئے اور امت مسلمہ کیلئے خصوصی دعا بھی فرمائی۔ مسجد نبوی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم میں معتمرین کو دی جانیوالی سہولیات کا جائزہ  بھی لیا۔ 

ولی عہد اس سے قبل بھی مدینہ منورہ آتے رہتے ہیں۔ جہاں وہ روضۂ رسول صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم پر حاضری کے ساتھ ریاض الجنہ میں نوافل بھی ادا کرتے ہیں۔ محمد بن سلمان حرمین شریفین کے انتظامی امور میں ذاتی دلچسپی رکھتے ہیں۔