سعودی عرب میں عالمی مقابلہ حسن قرأت کا انعقاد

image

 

 

ہالی ووڈ اسکرپٹ رائٹر قاری یاسر شاہین کی تلاوت، پرکیف آواز سے سامعین مسرور، عطر الکلام نامی مقابلہ حسن قرأت کا پہلا انعام 3ملین ریال رکھا گیا ہے۔ 

ریاض: (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں رمضان المبارک کی آمد کے سلسلے میں مقابلہ حسن قرأت کے عالمی مقابلہ "عطرالکلام کا انعقاد کیا گیا۔ مقابلے میں شریک امریکہ سے آئے ہوئے قاری یاسر شاہین کی تلاوت سن کر سامعین حیران رہ گئے۔ فلسطینی نژاد امریکی شہری قاری یاسر شاہین ہالی ووڈ کے اسکرپٹ رائٹر بھی ہیں۔ 

قاری یاسر شاہین کی تلاوت والی ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔ سوشل میڈیا پر قاری یاسر کی قرأت سن کر ہر آنکھ نم ہو گئی۔ یاسر شاہین امریکی شہر ڈیلاس کی مساجد میں مسلمان بچوں کو قرآن کی تعلیمات اور لہجے کے اصول سکھائے کی خدمات بھی انجام دیتے رہے ہیں۔ قاری یاسر نے کہا کہ مجھے قاری بنانا میری والدہ کی خواہش تھی۔ 

دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ قاری یاسر دنیاوی تعلیم کے حصول کیلئے کیلیفورنیا کی سان ہوزے یونیورسٹی میں درس و تدریس سے بھی وابستہ رہے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے اسلامی ممالک کے ٹیلی ویژن چینلز پر متعدد پروگراموں میں بھی حصہ لیا ہے۔ قاری یاسر رشید نے اپنے کیرئیر میں 130 سے زائد دستاویزی پروگرام اور 14 دستاویزی فلموں کی تیاری کی نگرانی بھی کی ہوئی ہے۔ 

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہونے والے قرأت کے عالمی مقابلے "عطرالکلام" میں دنیا بھر سے 50 ہزار سے زائد قاری حصہ لے رہے ہیں۔ عالمی مقابلے کے 50 فاتحین کیلئے 12 ملین ریال کی رقم مختص کی گئی ہے۔ تلاوت قرآن پاک میں پہلی پوزیشن لینے والے کو 30 لاکھ ریال جبکہ آذان میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے کو 20 لاکھ ریال انعام دیا جائے گا۔