عوامی ریفرنڈم نے عمران خان کے حق میں فیصلہ سنا دیا: پرویز الٰہی

image

لاہور جلسے سے مخالفین کی آنکھیں کھل گئی ہوں گی، وزیرِ اعظم شہباز شریف سن لیں الیکشن سے راہِ فرار ممکن نہیں ہے، صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے شہبازشریف کےخلاف آئینی چارج شیٹ فریم کی ہے۔ 

لاہور: (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریکِ انصاف کے مرکزی صدر اور سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان اس وقت پاکستان کے سب سے مقبول لیڈر ہیں، لاہور جلسے سے مخالفین کی آنکھیں کھل گئی ہوں گی۔ چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف سن لیں کہ الیکشن سے راہِ فرار ممکن نہیں ہے۔ چوہدری پرویز الہٰی نے مزید کہا کہ عوامی ریفرنڈم نے عمران خان کے حق میں فیصلہ سنا دیا ہے، عوام نے رکاوٹوں کے باوجود مینارِ پاکستان پہنچ کر فیصلہ سنا دیا کہ وہ آئین کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے شہباز شریف کےخلاف آئینی چارج شیٹ فریم کی، صدر کو لکھے گئے شہباز شریف کے جوابی خط سے کچھ نہیں ہوگا۔ واضح رہے کہ پنجاب میں انتخابات کے التواء اور تحریکِ انصاف کے کارکنوں کی گرفتاریوں پر صدر عارف علوی نے 24 مارچ کو وزیرِ اعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر کہا تھا کہ پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔ صدر عارف علوی نے دعویٰ کیا تھا کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب میں انتخابات اکتوبر تک ملتوی کرنے کا فیصلہ مختلف محکموں کے سربراہان کی بریفنگ کی بنیاد پر کیا جنہیں حکومت نے ہدایات دی تھیں، الیکشن کمیشن کا التواء توہین عدالت ہے۔

وزیر اعظم نے اپنے جوابی خط میں کہا کہ میں یہ کہنے پر مجبور ہوں کہ آپ کا خط تحریکِ انصاف کی پریس ریلیز لگا، خط یکطرفہ اور حکومت مخالف خیالات کا حامل ہے اور صدر کے آئینی منصب کا آئینہ دار نہیں۔ وزیرِ اعظم نے لکھا کہ ’خط صدر کے آئینی منصب کا آئینہ دار نہیں، 3 اپریل 2022ء کو قومی اسمبلی کو تحلیل کر کے غیر آئینی عمل کیا گیا، اسمبلی تحلیل کےحکم کو سپریم کورٹ نےغیر آئینی قرار دیا۔ صدر کو جوابی خط 5 صفحات اور 7 نکات پر مشتمل ہے جس کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ میرےحلف کے معاملے میں بھی آپ آئینی فرض نبھانے میں ناکام ہوئے۔