پیمرا کی آج اسلام آباد میں ریلیوں اور عوامی اجتماعات کی کوریج پر پابندی

image

پیمرا کی آج اسلام آباد میں ریلیوں اور عوامی اجتماعات کی کوریج پر پابندی، پیمرا کی جانب سے ایک روز کے لیے پابندی کا نوٹفیکیشن جاری کر دیا گیا، نوٹفیکیشن کا اطلاق تمام سیٹلاٸٹ ٹی وی چینلز پر ہو گا۔

اسلام آباد: پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے آج اسلام آباد میں کسی بھی ریلی یا اجتماع کی کوریج پر پابندی لگادی۔ پیمرا کی جانب سے ایک روز کے لئے پابندی کا نوٹفیکیشن جاری کر دیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی کا اطلاق تمام سیٹلائٹ ٹی وی چینلز پر آج 27 مارچ کے لئے ہوگا۔ پیمرا نے جوڈیشل کمپیلکس سے لائیو کوریج پر بھی پابندی لگادی۔

پیمرا کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے 2018 کے احکامات کی روشنی میں کوریج پر پابندی پیمرا آرڈیننس کی سیکشن 27 کے تحت لگائی گئی ہے، نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ہدایات کی خلاف وزری کرنے والے ٹی وی چینل کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔ خلاف ورزی پر شو کاز نوٹس جاری کیے بغیر ٹی وی چینلز کا لائسنس معطل کردیا جائے گا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل 18 مارچ کو بھی پیمرا نے ایک دن کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کی ریلیوں اور اجتماعات کی براہ راست کوریج پر پابندی لگائی تھی۔ واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی آج اسلام آباد ہائیکورٹ کے ساتھ جوڈیشل کمپلیکس میں ممکنہ پیشی کا امکان ہے۔