پوری محنت اور کوشش سے نظام میں ہر دن بہتری لا رہے ہیں: شہباز شریف

image

پنجاب کے 10 کروڑ لوگ فری آٹا اسکیم سے مستفید، 75 سال میں یہ پہلا ماڈل ہے جس کو آزمایا جارہا ہے، جنہوں نے ابھی تک آٹے کا ایک بھی تھیلا نہیں لیا کل سے ان کو یکشمت تین تھیلے ملیں گے تاکہ ان کو دو بار نہ آنا پڑے۔

راولپنڈی: (نیوز ڈیسک) راولپنڈی میں آٹا فراہمی مرکز کے دورے کے موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یقیناً یہاں پر پنجاب کے علاؤہ بھی دوسرے صوبوں کے بھائی، بہنیں جو راولپنڈی میں رزق حلال کماتے ہیں، خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان سے لوگ یہاں پر ہیں، انہیں سہولت فراہم کرنے کیلئے انتظامیہ پوری کوشش کررہی ہے کہ ان کو دقت نہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ دوسرا بڑا مسئلہ یہ ہے کہ بے شمار لوگ ایسے ہیں جو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ریکارڈ پر نہیں ہیں لیکن وہ بھی خطِ افلاس سے کم پر زندگی بسر کررہے ہیں، ان کو دقت پیش آرہی ہے، کل رات تک طے ہوا تھا کہ یہ مسئلہ حل ہو جائے گا، آج صبح نادرا اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے اس سارے چیلنج کا حل تجویز کیا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج صبح انہوں نے آپریٹ کرنے کی کوشش کی لیکن وہ ذرا سست تھا، مجھے امید ہے کہ آج یہ سسٹم پوری طرح آپریٹ ہو جائے گا، اور جو لوگ یہاں آرہے ہیں اور جنہیں کہا جارہا ہے کہ ان کے نام نہیں ہیں یا آپ کا اندراج نہیں ہے، ان کیلئے وہاں پر علیحدہ کاؤنٹرز کھولے جائیں گے، وہیں اندراج ہوگا اور ان کو فری آٹا مہیا کیا جاسکے گا۔ 

وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ اسی طرح جنہوں نے ابھی تک آٹے کا ایک بھی تھیلا نہیں لیا، کل سے ان کو یکشمت تین تھیلے ملیں گے تاکہ ان کو دو بار نہ آنا پڑے۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ نظام میں بتدریج بہتری آرہی ہے، یقیناً میں بلاخوفِ تردید یہ بات کہہ سکتا ہوں کہ ہر جگہ انتظامیہ، پولیس اور سب مل کر اس نظام کو بہتر بنا رہے ہیں اور یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ اس طرح کے منصوبے کو لانچ کیا گیا۔ ہم ماضی میں رعایتی نرخوں پر آٹا ہر دوکان پر دیتے تھے لیکن اس بار یہ طے ہوا کہ فری آٹا دیا جائے اور یہ بہت بڑا چیلنج ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ اس منصوبے کو کامیاب کرنے کیلئے وزیرِ اعلیٰ پنجاب اور پنجاب کی پوری انتظامیہ، اسی طرح اسلام آباد کی پوری انتظامیہ، وزیرِ داخلہ اور ہم سب مل کر کام کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں ہر روز دیکھ رہا ہوں کہ یہ جذبہ بہت آگے جا رہا ہے، روزے رکھ کر روزے داروں کی توقیر کا پورا لحاظ کیا گیا ہے، یہاں پر کرسیاں ہیں، کسی کو اب کھڑے ہونے کی زحمت نہیں دی جاتی، معذروں کیلئے علیحدہ کاؤنٹر بنائے گئے ہیں۔ 

وزیرِ اعظم نے کہا کہ پوری محنت اور کوشش سے نظام میں ہردن بہتری آرہی ہے، 75 سال میں یہ پہلا ماڈل ہے، جس کو آزمایا جارہا ہے، لیکن حالات کی سنگینی ایسی ہے کہ ہمارا معاشی چیلنج بھی بہت بڑا ہے، پنجاب کے 10 کروڑ لوگ اس فری آٹا اسکیم سے مستفید ہو رہے ہیں، یہ بہت بڑی کوشش ہے، اس کی جتنی تحسین کی جائے اتنی کم ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کے رہائشیوں کو مفت آٹے کی فراہمی کے حوالے سے لاہور میں ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا تھا کہ حکومت ماہِ مقدس کے دوران لوگوں کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں لاہور، قصور اور سرگودھا کے دوروں کے بعد مفت آٹے کی فراہمی کے عمل کی نگرانی اور معیار کو یقینی بنانے کیلئے دیگر شہروں کا بھی دورہ کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام مستحق افراد کو فوری طور پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شامل کیا جائے جو ابھی تک اس پروگرام میں رجسٹر نہیں ہوسکے ہیں۔ انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) اور بی آئی ایس پی کے کاؤنٹرز فوری طور پر آٹے کی تقسیم کے مقامات پر کھولے جائیں۔