وزیراعظم شہباز شریف صدر طیب اردوان کی دعوت پر دو روز کیلئے ترکیہ پہنچ گئے

image

وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر ترکیے پہنچ گئے ہیں، وزیراعظم ترک صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر یہ دورہ کر رہے ہیں، اعلیٰ سطحی وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہے۔

استنبول: (بین الاقوامی ڈیسک) وزیراعظم میاں شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر ترکیہ پہنچ گئے۔ استنبول انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر استنبول کے نائب گورنر محمود حرسانلی اولو، اعلیٰ ترک سول و عسکری حکام اور پاکستانی سفارتخانے کے افسران نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ وزیراعظم ترک صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر یہ دورہ کر رہے ہیں، اعلیٰ سطحی وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہے۔

وزیراعظم صدر رجب طیب اردوان کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کریں گے اور ترکیے میں سرمایہ کاروں اور بزنس کمیونٹی سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ ترکیے کے ساتھ باہمی کثیر الجہتی تعلقات کے لیے کوشاں ہیں۔ وزیراعظم کے وفد میں وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی شریک ہیں۔

دورے کے دوران وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور صدر ایردوان استنبول شپ یارڈ میں پاک بحریہ کے لئے چار ملجم کارویٹ جہازوں میں سے تیسرے جہاز پی این ایس خیبر کا افتتاح کریں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تعاون پر مبنی ملجم منصوبہ پاکستان ترکی اسٹریٹجک پارٹنر شپ میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔