ترک صدر رجب طیب اردگان کی تقریبِ حلف برداری میں کئی عالمی رہنماء شریک

image

وزیرِ اعظم شہباز شریف کی تقریب میں شرکت، طیب اردوان کو دوبارہ صدر منتخب ہونے پر حکومت اور عوام کی جانب سے مبارکباد پیش،  اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر محمد مخبر ترک صدر کی تقریب حلف برادری میں شرکت کیلئے انقرہ پہنچ گئے۔

انقرہ: (ویب ڈیسک) ترک صدر رجب طیب اردگان نے تیسری بار ترکیہ کے صدر کا عہدہ سنبھال لیا ہے۔ صدر طیب اردگان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے وزیرِاعظم شہباز شریف سمیت کئی دیگر عالمی رہنما ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں موجود ہیں۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر محمد مخبر اسلامی جمہوریہ ایران کے نمائندے اور مہمان خصوصی کی حیثیت سے رجب طیب اردگان کی تقریب حلف برداری میں شریک ہوں گے۔

اس تقریب کا آغاز صدارتی محل میں ترکی کے مقامی وقت 5:00 بجے ہوگا، جس کے بعد رجب طیب اردگان با ضابطہ طور پر ترکی کے صدر کے طور پر تیسری مرتبہ اپنی ذمے داریوں کا آغاز کریں گے۔ واضح رہے کہ انقلاب اسلامی کے بعد ایران میں بننے والی 13ویں حکومت نے اپنے دیرینہ اور ہمسایہ تعلقات کو بہتر کیا ہے۔ تہران اور انقرہ تعلقات بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہیں اور یہ تعلقات ترکی کی نئی حکومت کے قیام کے بعد بھی ہمہ گیر تعاون کے ساتھ جاری رہیں گے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف افتتاحی تقریب میں شرکت کیلئے ترکیہ پہنچے تو ترک وزارتِ خارجہ اور ترکیہ میں پاکستانی مشن کے حکام نے انہیں خوش آمدید کہا۔ وزیرِ اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب اور معاون خصوصی طارق فاطمی پر مشتمل وفد بھی ان کے ہمراہ موجود تھا۔ سرکاری خبر رساں ادارے ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیرِاعظم ترکیہ کے سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری سے بھی بات چیت کریں گے۔ ترکیہ روانگی سے قبل شہباز شریف نے کہا کہ میں طیب اردوان کو دوبارہ صدر منتخب ہونے پر حکومت اور پاکستان کے عوام کی جانب سے مبارکباد پیش کروں گا۔