بھارتی ریاست کیرالہ کے گاؤں میں پراسرار آوازوں سے خوف و ہراس پھیلنے لگا

image

ریاست کیرالا کے گاؤں چناپڈی میں زمین کے نیچے سے بہرہ کر دینے والی پراسرار آوازیں آنے لگیں، زیر زمین آوازوں کے مسلسل آنے کی اصل وجہ صرف سائنسی مطالعہ سے ہی معلوم کی جا سکتی ہیں، بھارت کے محکمہ ارضیات کے ماہرین علاقے کا معائنہ کر کے معلومات حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست کیرالہ کے گاؤں چناپڈی کے لوگوں نے جمعہ کے روز زمین کے نیچے سے بہرہ کر دینے والی آوازیں سنی ہیں۔ ریاست کیرالہ میں ایک طرف سیلاب نے تباہی مچائی ہوئی ہے اور دوسری طرف مقامی لوگ زمین کی سطح کے نیچے سے گرجنے کی آوازیں سن کر پریشان ہیں۔ 

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے پانی کے بلبلوں کی آوازیں سنی ہیں جس سے یہ شبہ پیدا ہوتا ہے کہ علاقے میں جلد ہی سیلاب آنے والا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ہفتے کے شروع میں بھی اس علاقے سے مختلف قسم کی آوازیں سنی گئی تھیں۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اردگرد کے ماحول میں انہیں کسی قسم کی تبدیلی نظر نہیں آ رہی۔ 

دیہاتیوں کا کہنا ہے کہ صرف سائنسی مطالعہ سے ہی زیر زمین آوازوں کے مسلسل آنے کی اصل وجہ معلوم ہو سکتی ہے۔ ریاست کیرالہ کے محکمہ کان کنی اور ارضیات کے حکام کا کہنا ہے کہ ان کے ماہرین کی ٹیم جلد ہی علاقے کا معائنہ کرے گی۔ اس معاملے سے واقف محکمہ کے ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ وہ پہلے ہی اس جگہ کا جائزہ لے چکے ہیں۔ 

محکمہ ارضیات کے اہلکار نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو بتایا کہ علاقے میں آج بھی پراسرار آواز سنی گئی ہے، ہمارے ماہرین جلد ہی اس جگہ کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صرف سینٹر فار ارتھ سائنسز کی طرف سے کیے گئے تفصیلی سائنسی مطالعہ سے ہی ان آوازوں کی اصل وجہ معلوم کی جا سکتی ہے۔ 

اس معاملے سے واقف لوگوں نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو بتایا کہ اس طرح کے واقعات کا تجزیہ کرنے میں ہماری اپنی حدود ہیں۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ ہم نے پہلے ہی سی ای ایس کو علاقے میں جائزہ اور مطالعہ کرنے کی درخواست جمع کرائی ہے۔ محکمہ ارضیات کا کہنا ہے کہ ہمارے ماہرین کی ٹیم علاقے کا معائنہ کر کے تفصیلات اکٹھی کرنے کی کوشش کرے گی۔