وزیراعظم شہباز شریف کی ترکیہ کے بڑے سرمایہ کار سے ملاقاتیں

image

وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے بڑے سرمایہ کار، صنعت کار، اداروں اور کمپنیوں کے سربراہان اور اہم کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کرتے ہوئے ترک کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں میں حصہ لینے کی دعوت دی، پاکستان براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے خصوصی سہولیات دے رہا ہے۔

استنبول: (بین الاقوامی ڈیسک) وزیرِ اعظم شہباز شریف نے مختلف شخصیات سے اپنی ملاقاتوں کے دوران توانائی، متبادل بالخصوص شمسی توانائی، تعمیرات، انفرااسٹرکچر، ٹرانسپورٹ اور سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر بات چیت کی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ کی تاریخی برادرانہ دوستی سے فائدہ اٹھانا چاہیے، پاکستان براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے خصوصی سہولیات دے رہا ہے۔

انہوں نے کوکا کولا، سی سی آئی کے چیف اسٹریٹجی آفس کے، سی ای او کریم یاہی اور آتیلا یرلیکایا سے بھی ملاقات کی جبکہ ترکش کانٹریکٹر ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل حسن یالسین اور چیئرمین دولسار انجینئرنگ عرفان عاقر کی بھی ملاقاتیں ہوئیں۔ اپنے دورے کے موقع پر انہوں نے چیئرمین اور صدر ڈیک نیل اولپاک محمد پاک یاتیرم، سنان آک اور زورلو گروپ اور چیئرمین احمد البارک گروپ سے بھی ملاقاتیں کیں۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہبازشریف صدر رجب طیب اردوان کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کیلئے دو روزہ دورے پر ترکیہ گئے ہیں جہاں انہوں نے ترک صدر رجب طیب اردوان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی۔ بعد ازاں انہوں نے ترکیہ کے صدارتی محل میں ہونے والی تقریب میں صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی اور انہیں مبارکباد بھی پیش کی۔