انڈیا اور امریکا کے درمیان مضبوط شراکت داری چین کا اثرو رسوخ ختم کرے گی، راہول گاندھی

image

انڈین کانگریس رہنما اور اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کا کہنا ہے کہ جدید انڈیا ہمارے آئین اور ہماری جمہوریت کے بغیر قائم نہیں رہ سکتا، جمہوریت اور ملکی آئین کے تحفظ کے لیے امریکا میں مقیم بھارتیوں کو کھڑا ہونا ہوگا۔

مین ہٹن: (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق کانگریس رہنما اور اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی جو وزیراعظم مودی کے بہت بڑے مخالف ہیں اور ان کی پالیسیوں و اقدامات پر کڑی تنقید کرتے رہتے ہیں۔ وہ مودی سرکاری اور ان کی جماعت بی جے پی پر ملک کو تقسیم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہونے کا سنگین الزام عائد کر چکے ہیں۔

راہول گاندھی جو ان دنوں امریکا کے دورے پر ہیں انہوں نے مین ہٹن کے جیکب جیوٹس سینٹر میں انڈین اوورسیز کانگریس یو ایس اے کے پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدید انڈیا ہمارے آئین اور ہماری جمہوریت کے بغیر قائم نہیں رہ سکتا۔ جمہوریت اور ملکی آئین کے تحفظ کے لیے امریکا میں مقیم بھارتیوں کو کھڑا ہونا ہوگا۔

بھارتی اپوزیشن لیڈر نے اپنے خطاب میں چین کے اثر و رسوخ کو ختم کرنے کے لیے انڈیا اور امریکا کے درمیان مضبوط شراکت داری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت ہمیں جن چیزوں کے بارے میں سوچنا ہے ہم چین کے چیلنج کا مقابلہ کیسے کریں گے؟  واضح رہے کہ راہول گاندھی کو آئندہ 2024ء کے انتخابات میں نریندر مودی کے لیے اہم چیلنج سمجھا جاتا ہے۔ انڈیا میں حزب اختلاف کے اس سب سے بڑے رہنما کو دو برس قید کی سزا کے بعد پارلیمنٹ سے نااہل کیا جا چکا ہے۔