عمران خان غیر ملکی میڈیا کو انٹرویوز میں 9 مئی سے متعلق غلط معلومات فراہم کر رہا ہے، وزیراعظم شہباز شریف

image

 9 مئی کو مذموم مقاصد کے ساتھ ریاست پر حملہ کیا گیا، دنیا کا کوئی بھی ملک اپنی سالمیت کو تباہ کرنے کی ایسی کوشش برداشت نہیں کرتا۔

 اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) وزیراعظم کا کہنا ہے کہ 9 مئی کو مذموم مقاصد سے ریاست پر حملہ کیا گیا، دنیا کا کوئی ملک اپنی سالمیت کو تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ عمران خان غیر ملکی میڈیا کو انٹرویوز میں جان بوجھ کر جعلی خبروں اور غلط بیانی کے ساتھ غلط معلومات فراہم کر رہا ہے۔ 9 مئی کے بعد کے واقعات کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور سیاسی احتجاج کے حق کو سلب کرنے سے متعلق وضاحت کرنا گمراہ کن ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں سیاق و سباق کو درست کرتا ہوں پی ٹی آئی نے 9 مئی کو مذموم ارادے اور مذموم مقاصد سے ریاست پاکستان پر ڈھٹائی سے حملہ کیا تھا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا میں سب کو یقین دلاتا ہوں کہ مجرموں سے قانون کے تحت نمٹا جائے گا اور میں اس بات کو یقینی بناؤں گا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی نہ ہو۔ ہر معاملے کو قانون کے تحت مناسب طریقے سے نمٹایا جائے گا، پاکستان انسانی حقوق سے متعلق اپنی تمام آئینی اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کا مکمل احترام اور پابند ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز الٰہی کے خلاف کیسز سب کے سامنے ہیں، یہ کرپشن کے تانے بانے بہت پھیلے ہوئے ہیں۔ یہ بہت دیر حکمران رہے ہیں ان کے رشتے دار کرپشن میں ملوث ہیں جو مختلف جگہوں پر بیٹھے ہوئے ہیں، ججز، عدلیہ اور پراسیکیوشن میں بھی لوگ بیٹھے ہوئے ہیں۔

دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ اکتوبر میں الیکشن شیڈول کے مطابق ہوں گے، 90 روز کے ساتھ ساتھ آئین یہ بھی کہتا ہے الیکشن اکٹھے ہوں، انتخابات میں بھی پی ڈی ایم اتحاد کو ساتھ رہنا چاہیے۔