جعلی بینک اکاؤنٹ کیس میں آصف زرداری کے دوست یونس قداوائی نے سرنڈر کر دیا

image

اسلام آباد ہائیکورٹ میں جعلی اکاؤنٹ کیس کی سماعت، یونس قدوائی کا بیرون ملک سے آ کر عدالت میں سرنڈر، یونس قدوائی پر ٹرائل کورٹ میں چھ ریفرنس زیر سماعت ہیں۔

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ میں جعلی بینک اکاؤنٹ نیب کیس میں آصف علی زرداری کے قریبی دوست یونس قدوائی نے سرنڈر کردیا۔ جس کے بعد عدالت نے ان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست نمٹا دی ہے۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ یونس قدوائی نے کینیڈا سے وطن واپس آکر ٹرائل کورٹ میں سرنڈر کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس گلزار احمد 2021ء میں ایک سماعت کے دوران یونس میمن قدوائی کو سندھ کا اصل حکمران قرار دے چکے ہیں۔ آصف زرداری کے قریبی دوست کو کچھ لوگ یونس میمن کے نام سے جانتے ہیں، کچھ یونس سیٹھ کہتے ہیں جب کہ بعض کے مطابق یہ یونس قدوائی ہیں، لیکن یہ تمام نام ایک ہی شخص کے ہیں۔

دوسری جانب سابق صدر آصف علی زرداری پنجاب میں سیاسی محاذ پر متحرک ہوگئے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کی شعبہ خواتین کا اجلاس آج شام 6 بجے بلاول ہاؤس میں طلب کرلیا۔ پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس میں خواتین ونگ پنجاب کی عہداران شرکت کریں گی۔