وزیراعظم کا کہنا ہے بجٹ میں عوام کو بھرپور ریلیف دیا جائے گا

image

وزیراعظم کا بجٹ میں غریب اور متوسط طبقے کو ریلیف کیلئے بڑے اقدامات کا فیصلہ، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا دائرہ کار بڑھا کر مستحق لوگوں کی شمولیت یقینی بنائی جائے گی۔

اسلام آباد: (قومی ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت غریب اور متوسط طبقے کے لیے بجٹ میں ریلیف دینے سے متعلق اجلاس ہوا جس کا اعلامیہ بھی جاری کیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم کا غریب اور متوسط طبقے کے لیے بجٹ میں بڑے اقدامات کا فیصلہ کیا ہے، معاشی چیلنجز کے باوجود غریب اور متوسط طبقے کے لیے وزیراعظم نے خصوصی اقدامات کرتے ہوئے موجودہ وسائل کو بہترین انداز میں بروئے کار لا کر عوامی ریلیف دینے کی ہدایت کی ہے۔

 کسانوں کو کھاد پر براہ راست سبسڈی پہنچانے کا دو ٹوک فیصلہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ سبسڈی براہ راست کسانوں تک پہنچانے کے لیے جامع پلان پیش کیا جائے، مستحق کسانوں کے ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے میں معاونت کریں گے۔ اعلامیے کے مطابق عالمی منڈی میں قیمتیں نیچے آتے ہی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی کی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات کو عام آدمی تک پہنچایا جائے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا ملک کے نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، لیپ ٹاپس اور روزگار کے مواقع دیتے رہیں گے، حکومت نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار و عصری تقاضوں کے مطابق ہنر فراہم کرے گی، نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرض سے کاروبار میں سہولت دی جائے گی اور نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبے میں سہولیات دےکر ملکی آئی ٹی برآمدات بڑھائی جائیں گی۔