آئندہ مالی سال کے بجٹ میں امپورٹڈ لگژری آئٹمز پر ٹیکس بڑھانے کی تجویز

image

آئندہ مالی سال کے بجٹ میں امپورٹڈ لگژری آئٹمز پر ٹیکس بڑھانے کی تجویز، امپورٹڈ موبائل مزید مہنگے ہونے کا امکان ہے، بجٹ میں 100 ڈالر سے زائد مالیت کے موبائل پر ڈیوٹی بڑھنے کا امکان بھی ہے۔

اسلام آباد: (قومی ڈیسک) آئندہ مالی سال کے بجٹ میں امپورٹڈ لگژری آئٹمز پر ٹیکس بڑھانے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ ذرائع ایف بی آر کے مطابق بجٹ میں مہنگے اور امپورٹڈ موبائل مزید مہنگے ہونے کا امکان ہے، اس کے علاوہ بجٹ میں 100 ڈالر سے زائد مالیت کے موبائل پر ڈیوٹی بڑھنے کا امکان بھی ہے۔ امپورٹڈ انرجی سیور بلب، فانوس اور ایل ای ڈی بھی مہنگی ہو گی۔ 

امپورٹڈ الیکٹرانکس آئٹمز پر سیلز ٹیکس 25 فیصد برقرار رہے گا جبکہ امپورٹڈ میک اپ کے سامان لپ اسٹک، مسکارے اور فیس پاؤڈر پر سیلز ٹیکس 25 فیصد برقرار رہے گا۔ بالوں کے لیے امپورٹڈ کلرز، ڈائیرز، پالتو جانوروں کی امپورٹڈ خوراک، امپورٹڈ برانڈڈ شوز، خواتین کے امپورٹڈ برانڈ کے پرس، امپورٹڈ شیمپو، صابن اور لوشن پر بھی سیلز ٹیکس 25 فیصد رہے گا۔

آئندہ بجٹ میں امپورٹڈسن گلاسز، پرفیومز، امپورٹڈ پرائیویٹ اسلحہ، برانڈڈ ہیڈ فونز، آئی پوڈز، اسپیکرز، امپورٹڈ لگژری برتنوں، امپورٹڈ دروازے اور کھڑکیاں، باتھ فٹنگز، ٹائلز، سینیٹری، امپورٹڈ کارپٹس اور غالیچے پر سیلز ٹیکس کی شرح 25 فیصد پر برقرار رہے گی۔